پنجی، 12؍جولائی(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)گوا میں اگلے سال ہونے والے اسمبلی انتخابات کے لیے ایک جیسے نظریات رکھنے والی پارٹیوں کے ساتھ الیکشن سے قبل اتحادکو لے کر ریاستی کانگریس کے لیڈر آپس میں لفظی جنگ میں الجھ گئے ہیں۔گواکانگریس کے سینئرلیڈراورریاست کے سابق وزیر صحت اور ریاست اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر پرتاپ سنگھ رانے کے بیٹے وشیو جت رانے نے دو دن پہلے دھمکی دی تھی کہ اگر پارٹی ایک جیسے نظریات رکھنے والی پارٹیوں کے ساتھ اتحاد کرنے میں ناکام رہتی ہے تو وہ پارٹی چھوڑ دیں گے۔گواکانگریس کے سربراہ لوئی جنہو فلیریو نے کل پارٹی ممبران اسمبلی پر طنز کستے ہوئے کہاکہ کانگریس اور اپوزیشن کے آزادممبران اسمبلی کو انتخابات میں اتحاد کی بات کرنے سے پہلے ایوان میں اتحاد کا مظاہرہ کرنا چاہیے ۔وہ واضح طور پر ریاستی اسمبلی کے اجلاس کے دوران کانگریس ممبران اسمبلی اور اپوزیشن کے دیگر اراکین کے درمیان اتحاد کے فقدان کا حوالہ دے رہے تھے۔ریاست کے سابق وزیر اعلی فلیریو نے نامہ نگاروں سے کہاکہ ہم نے اتحاد کے امکانات کو مسترد نہیں کیاہے۔پارٹی کارکنوں سے صلاح ومشورے کے بعد ہائی کمان وقت آنے پر اس پر فیصلہ کرے گا،لیکن پہلے ہمارے ممبران اسمبلی کودیگر اپوزیشن اراکین کے ساتھ اپنے اتحاد کا مظاہرہ ایوان میں کرنا چاہیے ۔فلیریو نے کہاکہ کانگریس ممبر ان اسمبلی اوردیگرکوسا تھ مل کر ایوان میں ریاستی حکومت کی مخالفت کرنی چاہیے ۔یہی وہ چیز ہے جس کافقدان ہے۔فلیریو نے کہاکہ گزشتہ ساڑھے چار سالوں کے دوران حکومت پر حملہ کرنے کے لیے اپوزیشن کے سبھی ممبران اسمبلی ساتھ کیوں نہیں آئے؟۔ جب25؍جولائی سے مانسون سیشن شروع ہو جائے گا ،تو اب ان کے پاس آخری موقع ہو گا۔وہ اتحاد کے اپنے جذبہ کا مظاہرہ کر کے ریاستی حکومت کی مخالفت کریں۔کل دہلی کے لیے روانہ ہوئے گوا کانگریس کے سربراہ نے کہاکہ وہ آل انڈیاکانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری دگ وجے سنگھ سے قومی دارالحکومت میں ملاقات کریں گے۔فلیریو نے کہاکہ کارکنان اس پر فیصلہ کریں گے کہ کیا کانگریس کو اتحاد کرنا چاہیے یا گوا انتخابات اکیلے لڑنا چاہیے ۔ہائی کمان کی طرف سے کوئی رخ اختیار کرنے سے پہلے پارٹی کارکنوں سے تبادلہ کیا جائے گا۔